حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ نے ملک میں جاری سیاسی بحران اور مظاہرین کی فوج کے ساتھ جھڑپوں پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ حزب اللہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے حکومتِ لبنان پر زور دیا ہے کہ وہ بیروت ایئرپورٹ پر ایرانی ہوائی جہازوں کی آمد پر پابندی کے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔
حزب الله کے بیان کے مطابق، گزشتہ روز اسرائیلی مداخلت کے خلاف منعقد ہونے والا پرامن مظاہرہ لبنانی فوج کی جانب سے مظاہرین پر آنسو گیس کے گولے فائر کیے جانے کے بعد اچانک تشدد میں بدل گیا، حزب اللہ نے اس اقدام کو "شرمناک اور ناقابلِ توجیہ" قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ فوج کو عوام کے خلاف استعمال کرنے کی ایک مشکوک کوشش ہے۔
حزب اللہ کی جانب سے لبنانی فوج کی کمان سے فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے، تاکہ اس واقعے کی حقیقت سامنے لائی جا سکے اور فوج کا کردار ملکی استحکام کے تحفظ تک محدود رہے۔
حزب الله نے حکومتِ لبنان پر زور دیا کہ وہ مظاہرین کے حقوق اور آزادی اظہار رائے کی حفاظت کرے۔ ساتھ ہی، حزب اللہ نے اسرائیل کی لبنان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کو روکنے کے لیے سخت اقدامات اٹھانے کی بھی اپیل کی۔
بیان کے اختتام پر، حزب الله نے بیروت کے رفیق الحریری ایئرپورٹ کے قریب اقوامِ متحدہ کے اہلکاروں پر حملے کی بھی سخت مذمت کی۔
آپ کا تبصرہ